25 اگست ، 2024
پاکستانی اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر یاسر نواز نے اہلیہ ندا یاسر کے سامنے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ دوسری شادی کے لیے قانون بنایا جائے اور جو بیویاں اس قانون پر عمل نہیں کریں گی انہیں جیل بھیج دیا جائے۔
حال ہی میں یاسر نواز اور ندا یاسر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہیں اداکار سلمان شیخ المعروف مانی کی مہمان نوازی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس موقع پر یاسر نواز کے بھائی، اداکار و ہدایت کار دانش نواز بھی موجود ہیں اور خوشگوار انداز میں شادی کے مسائل سمیت مختلف چیزوں پر گفتگو ہو رہی ہے۔
دوران گفتگو یاسر نواز نے میاں بیوں کے درمیان ہونے والے جھگڑوں پر بات کی اور ایک وقت کے بعد دونوں کے الگ الگ کمروں میں رہنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی خیالات کا اظہار کیا۔
یاسر نواز کے مطابق میاں بیوی کا جتنا بڑا جھگڑا ہو جائے دونوں کو ساتھ رہنا چاہیے، بیوی کو جھگڑے کی وجہ سے گھر چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے بلکہ دونوں کو ایک ہی کمر میں سونا چاہیے پھر چاہے آپ کا شریک حیات خراٹے لے، میاں بیوی کو ایک ہی کمرے میں رہنا چاہیے، ایک ساتھ وقت گزارنے سے میاں بیوی کا رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔
اسی اثنا میں ندا یاسر نے باتوں کا رخ دوسری شادی کی طرف موڑا تو دانش نواز اور مانی نے کہا کہ 2024ء میں دوسری شادی کا مشورہ صحیح نہیں ہے جبکہ یاسر نواز نے سوال اُٹھایا کہ کیوں صحیح نہیں ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے برعکس حکومت کو چاہیے کہ قانون سازی کی جائے کہ ہر 15 سال بعد بیوی اپنے شوہر کی دوسری شادی کروائے۔
یاسر نواز کی خواہش سن کر ندا یاسر نے کہا کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں ہیں، انہیں یونہی باتیں کر کے خوش ہونے دیں، یاسر اپنے ہر انٹرویو میں یہی بات کرتے ہیں۔
ادھر یاسر نواز اور ندا یاسر کے یوٹیوب ویڈیو کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو سوشل میڈیا صارفین نے یاسر نواز کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
صارفین کے مطابق یہ سستی شہرت حاصل کرنے کا طریقہ ہے تاکہ ان کے یوٹیوب چینل کو ویوز ملیں جبکہ بعض صارفین کے مطابق ان کے پاس شادی کے علاوہ کوئی اور ٹاپک نہیں ہے بات کرنے کے لیے۔