ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں خواتین بھوتوں سے زیادہ مردوں سے ڈرتی ہیں۔
آج نیوز کے مطابق توئنکل کھنہ نے حال ہی میں مصنفہ ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد بھارتی اخبار میں اداکار راج کمار راؤ اور شردھا کپور کی بلاک بسٹر فلم ”استری 2“ پر کالم لکھا۔اداکارہ ٹوئنکل کھنہ کی جانب سے ویمن سٹارر مووی ”استری 2“ پر بات کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’چندیری جیسی جگہ ہونی چاہیے جہاں عورتیں آزاد ہیں اور مرد خوفزدہ ہیں‘۔
بھارتی اخبار کیلئے لکھے گئے اپنے کالم ”بھارتی خواتین کو بھوت کیوں نہیں ڈرا پاتے“ میں اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے بھارت میں ہونے والے کولکتہ ریپ کیس کی جانب عوام کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ’ہارر فلمیں ان تمام چیزوں سے زیادہ خوفناک نہیں ہیں جو ہم بھارت میں اپنے ارد گرد ہر روز دیکھتے ہیں‘۔
اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے اپنے کالم میں کولکتہ کی ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے علاوہ بدلہ پور کے ایک سکول میں چار سالہ دو بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے واقعات کو بھی ہائی لائٹ کیا۔انہوں نے لکھا کہ ’کاش ہمارا ملک بھی چندیری جیسا ہوجائے جہاں عورتیں آزاد اور مرد ان سے خوفزدہ ہوں کیونکہ اگر ایسا ہوگا تو بھارت میں ہونے والے جنسی درندگی کے واقعات ختم ہوجائیں گے‘۔
اداکارہ ٹوئنکل کھنہ کی جانب سے اپنے کالم میں بتایا گیا کہ ’بھارت میں موجود خواتین اتنی زیادہ غیرمحفوظ ہیں کہ اگر کبھی ایسا ہو کہ ایک جگہ پر بھوت اور جنات ہوں اور دوسری جانب مرد حضرات، تو بھارتی خواتین اندھیری گلی میں کسی مرد کے مقابلے میں بھوت کا سامنا کرنا زیادہ محفوظ سمجھیں گی‘۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ جب تک اس ملک کے مرد ٹھیک نہیں ہوتے خواتین کے لیے اُن سے خطرناک کوئی مخلوق نہیں ہے، پھر چاہے وہ جن بھوت ہی کیوں نہ ہوں‘۔واضح رہے کہ اداکارہ شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی ہارر کامیڈی فلم ”استری 2“ نے شاندار کامیابی سمیٹتے ہوئے دنیا بھر کے باکس آفس پر مجموعی طور پر 500 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرلیا ہے۔