ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور اور راجکمار راؤ کی نئی ہارر کامیڈی فلم ’استری2‘ بھارت کی تاریخ کی 10 سب سے بڑی فلموں میں شامل ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم نے اپنے پہلے ہفتے میں 291.65 کروڑ روپے کمائے۔ دوسرے جمعہ کو 17.5 کروڑ، ہفتے کو 33 کروڑ، اور اتوار کو 42.4 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ پیر کو فلم کی کمائی 18.5 کروڑ روپے تک گر گئی، اور منگل کو جنم اشٹمی کے موقع پر جزوی چھٹی ہونے کے باوجود فلم نے 11.5 کروڑ روپے کمائے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق فلم کی مجموعی کمائی 414.55 کروڑ روپے ہو گئی ہے اس کے ساتھ ہی ’استری 2‘ بھارت کی سب سے بڑی 10 فلموں کی فہرست میں 10ویں نمبر پر اپنی جگہ بنا لی ہے۔اس فہرست میں ’باہوبلی‘ 9 ویں نمبر پر 421 کروڑ روپے کے ساتھ اور ’غدر2‘ 8 ویں نمبر پر 525.7 کروڑ روپے کے ساتھ ہیں۔
آنے والے ہفتوں میں کوئی بڑی فلم نہ ہونے کی وجہ سے ’استری 2‘ کا 500 کروڑ روپے کے کلب میں شامل ہونے کا قوی امکان ہے۔فلم میں ابھیشیک بنرجی، اپارشکتی کھرانہ، اور پنکج ترپاٹھی بھی شامل ہیں جبکہ ورون دھون، اکشے کمار اور تمنا بھاٹیہ نے مہمان اداکار کے طور پر شرکت کی ہے۔