لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2024ء) ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں دو قومی نظریہ کے احیاء اور دورِ الحاد میں اسلامی تشخص کی حفاظت کیلئے حضرت مجدد الف ثانی کی خدمات کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ادارۂ نظریۂ پاکستان نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جس کی صدارت صاحبزادہ میاں ولید احمد شرقپوری نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حضرت مجدد الف ثانی نے باطل قوتوں کے سامنے کلمہ حق کہہ کر بہترین جہاد کیا ۔ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال نے انہیں سرمایۂ ملت کا نگہبان قرار دیا ۔انہوں نے برصغیر میں دو قومی نظریے کا جو پرچم بلند کیا، وہی 14 اگست 1947ء کو قیام پاکستان کی بنیاد ثابت ہوا۔
(جاری ہے)
صحافی جمیل اطہر قاضی نے کہا کہ میرا تعلق سرہند شریف سے ہے جہاں حضرت مجدد الف ثانی محو استراحت ہیں اور ہمارا خاندان اس درگاہ کے خادموں میں سے ہے۔
مفتی شیر محمد نقشبندی نے کہا کہ حضرت مجدد الف ثانی کی حیات وخدمات سے نئی نسلوں کو بھی آگاہ کیا جائے تاکہ انہیں اندازہ ہو کہ آج ہم جو آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں اس کی خاطر ہمارے اسلاف نے کتنی قربانیاں دی ہیں۔مولانا مشتاق احمدنقشبندی نے کہا کہ حضرت مجدد الف ثانی نے علمی وروحانی میدان میں کارہائے نمایاں انجام دئیے۔ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد ارشد نے کہا کہ بزرگان دین نے اسلام کی روشنی کو اس خطہ ٔ ارض پر قائم کیا اور اس کی خصوصیات سے لوگوں کو نوازا ۔ سیکرٹری ادارۂ نظریۂ پاکستان نے کہا کہ حضرت مجدد الف ثانی برصغیر میں دوقومی نظریے کے بانی ہیں۔متعلقہ عنوان :