نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں ایک مریض نے لیڈی ڈاکٹر کو دبوچ کر اُس کا سَر ہسپتال کے پلنگ کے پائپ پر دے مارا۔ لوہے کے پائپ سے ٹکرانے پر لیڈی ڈاکٹر کے سر میں شدید چوٹ آئی ہے۔
آج نیوز کے مطابق یہ واقعہ تروپتی شہر ہے۔ کولکتہ میں 9 اگست کو ایک جونیر لیڈی ڈاکٹر سے زیادتی اور قتل کے خلاف احتجاج کے دوران آندھرا پردیش کے ہسپتال میں رونما ہونے والے اس واقعے نے میڈیکل کمیونٹی کو مزید مشتعل کردیا ہے۔لیڈی ڈاکٹر پر حملہ کرکے اُسے زخمی کرنے والے مریض کو ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ شری وینکٹیوشور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں رونما ہونے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کے احتجاج میں مزید شدت آئی ہے اور انہوں نے کام کے دوران مزید سیکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔
وڈیو میں دیکھا جاتا ہے کہ مریض نے لیڈی ڈاکٹر کا تعاقب کیا، اُس کے بال پکڑے اور پھر اُس کا پلنگ کی ریلنگ پر دے مارا۔یہ سب کچھ اس قدر بھیانک تھا کہ وارڈ میں موجود مریض اور ڈاکٹرز بھی سہم سے گئے۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے حملہ آور مریض کو پکڑ کر پولیس کو طلب کیا۔ اس دوران مریضوں پر خوف چھایا رہا۔
یاد رہے کہ کولکتہ میں جونیر ڈاکٹر سے زیادتی اور قتل پر ملک بھر میں شدید احتجاج کا بازار گرم ہے۔ میڈیکل کمیونٹی کا مطالبہ ہے کہ اُس کی سیکیورٹی بڑھائی جائے تاکہ وہ بے خوف ہوکر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکے۔