لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ”بیک ٹو سکول“ کمپین لانچ کردی، گورنمنٹ کنیئرڈ گرلز ہائی سکول ایمپرس روڈ میں کمسن بچی کی انرولمنٹ رجسٹریشن کمپین کا باقاعدہ آغاز کر دیا اور سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے طالبات سے پودے لگواکر شجرکاری کا آغاز کیا۔ وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ کنیئر ڈگرلز ہائی سکول کمسن بچی کو گود میں اٹھا کر پیار کیا،ننھی طالبات کو سکول بیگ کا گفٹ بھی پیش کیا اور ننھی بچی کو خود سکول بیگ پہنایا۔ سکول بیگ کے ساتھ یونیسف کی طرف سے ایرلی چائلڈ ہولڈ کٹ پیش کی گئیں۔ یونیسف محکمہ سکول ایجوکیشن کے اشتراک سے ایک ہزار سکول بیگ دیئے جارہے ہیں۔ گورنمنٹ کنیئرڈ گرلز ہائی سکول ایمپرس روڈ میں آمد پر وزیر اعلیٰ کو دیکھ کر طالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ بچیوں سے ملنے وزیر اعلیٰ خود کلاس روم میں پہنچ گئیں اور ہر کلاس روم میں جاکر طالبات سے بات چیت کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے فزکس لیب کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بچیوں کے ساتھ فزکس لیب میں بیٹھ گئیں، بچیوں کی خواہش پر ان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔ طالبات کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کے بعد آنے پر دیکھا تو ہمارا سکول تو بہت اچھا ہوگیا ہے،سکول میں آنے پر خوشگوار حیرت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے بچیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خوب پڑھیں لکھیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے طالبات سے پسندید ہ مضمون کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیر علیٰے طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے ہر سکول کو بہترین بنانا چاہتی ہوں اور بنا کر دم لوں گی۔ پنجاب کے ہر سرکاری سکول کو پرائیویٹ سے بھی بہترین بنانا چاہتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے سمارٹ کلاس روم کو سراہا،سمارٹ کلاس روم کے ڈیجیٹل بورڈ پر بچیوں کے لیے آئی لو یو آل کا میسج لکھا اور کامیابی کی دعا کی۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وزیراعلیٰ کو”بیک ٹو سکول“ اور سٹوڈنٹس رجسٹریشن کمپین کے بارے میں بریفنگ دی اور سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتا یا گیاکہ ہواوے کی معاونت سے تیار کردہ سمارٹ کلاس روم میں نصب کیمروں سے لیکچر ریکارڈنگ بھی ہوسکے گی۔طالبات ریکارڈ شدہ لیکچر سے بھی ہیلپ لے سکیں گی۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے سکول ایجوکیشن نوشین عدنان، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری سکول ایجوکیشن خالد نذیر وٹو، پروگرام ڈائریکٹرپی ایم آئی یو فاروق رشید،ایڈیشنل سیکرٹری شکیل احمد بھٹی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔