30 اگست ، 2024
بھارتی سینسر بورڈ نے دھمکیاں ملنے کے باعث اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کی فلم ’ایمرجنسی‘ کا سرٹیفکیٹ روک دیا ہے۔
ایک ویڈیو بیان میں کنگنا رناوت نے کہا کہ اُن کی نئی فلم ’ایمرجنسی‘ کو تاحال سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیٹ (سی بی ایف سی) یعنی سینسر بورڈ نے ریلیز کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا۔
بالی ووڈ کوئین کی نئی فلم نے 6 ستمبر کو سنیما گھروں کی زنیت بننا ہے، جس کی ریلیز سے متعلق افواہیں زیر گردش ہیں، ایسےمیں اداکارہ نے ویڈیو شیئر کی اور فلم کو تاحال سرٹیفکیٹ نہ ملنے کی تصدیق کی۔
فلم ایمرجنسی میں کنگنا رناوت نے سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار نبھایا ہے۔ اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ سینسر بورڈ کو فلم کے چند مناظر کے حوالے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ افواہ زیرگردش ہے کہ فلم ایمرجنسی کو سینسر بورڈ نے کلیئر کردیا ہے لیکن یہ سچ نہیں ہے، سی بی ایف سی نے سرٹیفکیٹ روک دیا ہے اور ہم پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ فلم سے کچھ مناظر نکال دیے جائیں، جن میں اندرا گاندھی کا قتل اور پنجاب کے فسادات شامل ہیں۔
بھارتی اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اب مجھے نہیں معلوم کہ فلم میں اور کیا دکھانا ہے؟ ہمیں کیا کرنا ہے؟ یہ میرے لیے ناقابل یقین ہے، مجھے ملک میں چل رہی سوچ پر افسوس ہے۔
حالیہ تنازع فلم ایمرجنسی پر پابندی کے مطالبے سے شروع ہوا، تلنگانہ سکھ سوسائٹی نے فلم میں ایک کمیونٹی کو دہشت گرد اور ملک دشمن پیش کرنے کا الزام لگایا ہے۔
کنگنا رناوت آج کل اپنی فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں، جن میں انوپم کھیر بھی اہم کردار نبھارہے ہیں۔