اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزارت خزانہ نے ملکی معیشت سے متعلق ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق ایف بی آر محصولات، نان ٹیکس آمدنی، مالی ذخائر اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔ جب کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور ملک میں مہنگائی میں کمی ریکارڈ کی گئی۔رواں مالی سال جولائی میں ترسیلات 47.6 فیصد اضافے سے 3 ارب ڈالر رہیں، جولائی 2024 میں برآمدات 12.9 فیصد اضافے سے 2.4 ارب ڈالر رہیں، جب کہ رواں مالی سال درآمدات 16.3 فیصد اضافے سے 4.8 ارب ڈالر کی رہیں۔رپورٹ کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 63.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کل بیرونی سرمایہ کاری میں 189.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 23 اگست 2024 تک مالی ذخائر 14.77 ارب ڈالر کے رہے، گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 13.17 ارب ڈالر کے مالی ذخائر تھے۔وزارت خزانہ کے مطابق جولائی 2024 میں ایف بی آر محصولات میں 22.7 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال نان ٹیکس آمدنی میں 78.3 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال مالی خسارے میں 10.5 فیصد کا اضافہ ہوا، جولائی 2024 میں مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد ریکارڈ کی گئی، گزشتہ مالی سال جولائی میں مہنگائی کی شرح 28.3 فیصد تھی۔