لاہور (جاوید اقبال )پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر کا بڑا ایکشن ،روزنامہ پاکستان کی نشاندہی پر ایم بی بی ایس میں داخلوں کے لیے ستمبر میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کیلئے درخواست دینے کی تاریخ میں تین روز کی توسیع کر دی گئی،جس کے بعد امیدواروں کے لیے اتوار سے منگل تک پورٹل دستیاب ہوگا جہاں تین دن امیدوار ٹیسٹ میں شمولیت کیلئے اپنے نام کی انٹری کرا سکیں گے۔
ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی انٹری کیلئے آخری تاریخ 26 اگست تھی،اس حوالے سے روزنامہ پاکستان کو سینکڑوں امیدواروں نے اپنی شکایات کی کہ ایسے بچے جن کے والدین ملک سے باہر تھے یا وہ بیمار تھے یا ان کے پاس فیس نہیں تھی ٹیسٹ کے لیے انٹری کرانے سے محروم رہ گئے ہیں۔
معاملے کو فوری طور پر روزنامہ پاکستان کے چیف رپورٹرجاوید اقبال پی ایم ڈی سی کے پریزیڈنٹ ڈاکٹر رضوان تاج کے علم میں لائے۔ڈاکٹر رضوان تاج کو بتایا گیا کہ ایم بی بی ایس 2024 کے داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں شرکت سے ایسے سینکڑوں نوجوان طلبا و طالبات محروم رہ گئے ہیں جو مقررہ تاریخ تک بوجہ مجبوری ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں انٹری نہیں کرا سکے اور ان کا ایک سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
پریزیڈنٹ پی ایم ڈی سی نے فوری طور پر اپنی رجسٹرار کو معاملے کی چھان بین کا حکم دیا جس کے بعد ڈاکٹر رضوان تاج نے ٹیسٹ کے لیے انٹری ڈیٹ میں تین روز کی توسیع کر دی۔
اب اتوار پیر اور منگل کو پورٹل پر امیدوار اپنے نام اور فیس جمع کرا سکیں گے،اس حوالے سے پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے امیدواران کے مسائل کو تسلیم کیا ہے،ان کا یہ جائز مسئلہ تھا اس لیے ہم نے تین روز پورٹل اوپن رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اب وہ امیدوار جو اس پر پورا اترتے ہیں داخلے کے لیے تین روز میں اپنی انٹری کروا سکیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ میں روزنامہ پاکستان کا مشکور ہوں کہ وہ ایک حساس معاملہ میرے علم میں لائے جس کو ہم نے حل کر دیا ہے اور بچوں کو انٹری کے لیے مزید تین دن دے دیے گئے ہیں،اور اب اتوار ،پیر اور منگل کو پورٹل کھلارہے گا۔