31 اگست ، 2024
سعودی عرب، جدہ سے کراچی پہنچنے والے مسافر میں منکی پاکس کی مشتبہ علامات پائی گئی ہیں۔
ایئر پورٹ کے ذرائع کے مطابق جدہ سے کراچی پہنچنے والے مسافر کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے، مسافر کے طبی معائنے میں منکی پاکس کی علامت سامنے آئی ہیں، مسافر کو سندھ گورنمنٹ کے اسپتال نیپا منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق مریض سندھ انفیکشز ڈیزیز اسپتال میں زیرِ علاج ہے، مریض کو خارش اور جسم پر لال دھبے ہیں، مریض منکی پاکس کے مشتبہ علامات کے ساتھ آیا ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق مریض کو آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کیا ہے، رپورٹس آنے کے بعد منکی پاکس کی تصدیق ہو سکے گی۔
دوسری جانب خیبر پختون خوا کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پشاور ایئر پورٹ پر ایم پاکس کے 2 مشتبہ کیسز میں سے ایک کیس پازیٹو آ گیا ہے۔
وزارتِ صحت خیبر پختون خوا کے مطابق پشاور ایئر پورٹ پر دونوں افراد کو بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے آئسولیٹ کیا تھا، نمونے پشاور ریفرنس پبلک لیبارٹری خیبر میڈیکل یونیورسٹی بھیجے گئے تھے، منکی پاکس ٹیسٹ پازیٹو آنے والاشخص پشاور کا ہے۔
خیبر پختون خوا کی وزارتِ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کے کنٹیکٹ ٹریسنگ کی اسکریننگ کی جا رہی ہے، متاثرہ شخص کے سفر کی ہسٹری خلیجی ممالک کی ہے، پاکستان میں حالیہ ایمرجینسی کے بعد ایم پاکس کے کیس 3 ہو گئے ہیں۔
کوآرڈینیٹر صحت ڈاکٹر مختار کے مطابق تمام ایئر پورٹس پر بارڈر ہیلتھ سروسز کا اسٹاف کام کر رہا ہے، پاکستان نے ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے مؤثر حکمتِ عملی بنا رکھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایم پاکس سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے وفاق اور صوبوں نے مربوط حکمتِ عملی بنا رکھی ہے۔