ملک کی کرافٹ انڈسٹری کی اجاگر کرنے اور مالی معاونت کے لئے حکومتی تعاون کی ضرورت ہے، فیصل کریم کنڈی

ہفتہ 31 اگست 2024 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2024ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملک کی کرافٹ انڈسٹری کی اجاگر کرنے اور مالی معاونت کے لئے حکومتی تعاون کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن کی سالانہ ایوارڈز تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کرافٹ کو ایک اہم صنعت کے طور پر ترجیح دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ متعلقہ مصنوعات کو فروغ دیں۔ تقریب میں ملائیشیا کے سفیر محمد اظہر بن مزلان، مالدیپ کے سفیر محمد طحہ، ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چیئرپرسن مریم اقبال اور تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان بھر کے دستکاروں میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس تقریب میں خاص طور پر دیہی علاقوں میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور انہیں صحت مند رہنے کا ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کا اعتراف کیا گیا جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے دستکاری ایسوسی ایشن کی صنعت میں اہم خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ دستکار اور کاروباری خواتین ان کے خاندانوں اور قومی معیشت دونوں کے لئے اہم ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے نشاندہی کی کہ پاکستانی دستکار خواتین کو مہارت اور صلاحیتوں کے باوجود دیگر ممالک کے مقابلے میں ترقی کے مواقع میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے پاکستان بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں کرافٹ انڈسٹری کے فروغ کے لئے سنجیدہ عملی اقدامات پر زور دیا اور اپنے دفتر کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر نے اپنے خطاب کے دوران ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner