لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اسد قیصر کے بیان پر درعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آپ سے بات کرنے کا کوئی شوق نہیں۔
اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جیل میں آپ کے چور، بددیانت اور کرپٹ لیڈر ہیں لہٰذا مذاکرات اور پاوں پکڑنے کی ضرورت آپ کو ہے، ہمیں آپ سے بات کرنے یا آپ کا چہرہ دیکھنے کا بھی کوئی شوق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ میاں نواز شریف پاکستان واپس بھی آئے، وفاق اور پنجاب میں حکومت بھی بنائی، نواز شریف کے بھائی نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، نواز شریف کی بیٹی پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت میں مصروف عمل ہے، جو گڑھے آپ کا نالائق اور بدبخت لیڈر کھود کر گیا تھا شہباز شریف ان کو پ±ر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس قوم کی جان، آن بان اور شان ہیں، نواز شریف کے بغض میں آپ لوگ اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ نواز شریف ملک و قوم کی بات کرنے والے لیڈر ہیں، آپ کے لیڈر کی طرح ملک پر ایٹم بم گرانے کی خواہش کرنے والے لیڈر نہیں، حلقے کھولنے کے طعنے دینے والے دوبارہ گنتی کے نام سے ایسے بھاگتے ہیں جیسے بندر غلیل سے بھاگتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رہنما پی ٹی آئی اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا تھا کہ ہمیں حکومت سے مذاکرات کا کوئی شوق نہیں ہے، دسمبر تک یہ حکومت نہیں رہے گی، مولانا فضل الرحمان نے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔