اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2024ء) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجنئیر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت ہر فورم پر کشمیریوں کے لئے آواز بلند اور عالمی برادری پر زور دیتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنا کردار اداکرے۔یہاں موصول ہونے والے بیان کے مطابق کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کا کینیڈا کے دورے پر پرتپاک استقبال کیا۔وفاقی وزیر نے نمایاں کشمیری تارکین وطن کے اجتماع سے خطاب کیا۔رکن اس موقع پر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان دونوں کمیونٹیزکے درمیان مضبوط تعلقات اور کشمیری کاز کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
(جاری ہے)
کینیڈا میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر شاہ فیصل کاکڑ نے اپنے خطاب میں ممتاز رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انصاف اور امن کے لیے کشمیریوں کی جاری جدوجہد کے تناظر میں وفاقی وزیرکے دورے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کشمیری عوام کے حقوق اور امنگوں کی وکالت میں پاکستانی کمیونٹی بالخصوص کینیڈا میں مقیم کشمیری برادری کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے اپنی زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کردی۔قائم مقام ہائی کمشنر نے کہا کہ وفاقی وزیر کا دورہ نہ صرف کشمیر کاز کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں پاکستان کی مستقل حمایت کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہاں آپ کی موجودگی سے ہماری کمیونٹی کو حوصلہ ملے گا کیونکہ وہ کشمیر کی کاز کو آگے بڑھانے کے لئے اتحاد کے ساتھ کام کرتے ہیں۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹی پاکستان اور کینیڈا دونوں کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت ہر فورم پر کشمیریوں کے لئے آواز بلند اور عالمی برادری پر زور دیتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کام کرے۔امیر مقام کے دورے سے پاکستان اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور کشمیری عوام کی حمایت کے مشترکہ عزم کو تقویت ملے گی۔