اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ( ن) میں اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے پر اختلاف سامنے آیا ہے اور بعض لیگی رہنما نا خوش ہیں۔
"ہم نیوز" کے مطابق (ن )لیگ کے نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں دیگر سیاسی امور کے علاوہ اپوزیشن سے مذاکرات پر بھی گفتگو زیر بحث آئی۔ اپوزیشن سے مذاکرات پر مسلم لیگ( ن) میں تقسیم موجود ہے۔ اجلاس میں احسن اقبال اور خواجہ آصف کے مذاکرات سے متعلق بیانات پر چند لیگی رہنما ناخوش ہیں۔(ن )لیگ کے رہنماؤں کے ایک حلقے کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت جس صورتحال سے دوچار ہے اس موقع پر ہمیں غیر مشروط مفاہمت کی طرف بڑھنا ہوگا۔ شرطیں رکھنےاور مذاکرات کی مخالفت سے مزید خرابی ہو گی۔
قائد( ن) لیگ اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اپوزیشن کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات چاہتے ہیں۔ مذاکرات کے حوالے سے احسن اقبال اور خواجہ آصف کے بیانات کو اہم حکومتی شخصیت کی حمایت حاصل تھی۔