اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی کے ذریعےپاکستان تحریک انصاف سے بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی پی ٹی آئی سے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئےسینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ( ن ) کے اجلاس میں تین الفاظ کا کوئی تذکرہ بھی نہیں ہوا، پی ٹی آئی کی باتوں میں کبھی صداقت نہیں ہوتی ، اجلاس میں کسی نے پی ٹی آئی کا نام نہیں لیا، کسی نے مذاکرات کا ذکر کیا نہ بانی پی ٹی آئی کا کسی نے نام لیا ۔عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والےخوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں، دروازے پر ذرا سی آہٹ ہوتی ہے تو ان کی باچھیں کھل جاتی ہیں، کوئی ان کے دروازے پر دستک دینے نہیں آ رہا اور اب انکی طرف رُخ کرنے والا کوئی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو فصل آپ نے بوئی تھی، وہ کٹنے کے قریب آچکی ہے، پی ٹی آئی والے فرسٹریشن کا شکار ہیں، صبح کچھ اور شام کو کچھ کہتے ہیں اور اصل میں پی ٹی آئی کے سر پر تلوار لٹک رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ 9 مئی منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے۔