لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کاکہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن اور اقرباء پروری کے خلاف آوازیں تحریک انصاف کے اندر سے اٹھ رہی ہیں، جو فنڈز کے پی کے عوام پر خرچ ہونے تھے وہ ریوڑیوں کی طرح آپس میں بانٹے جا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ منہ اور مسور کی دال" ، نواز شریف آپ کے لیڈر کا نام لینا بھی مناسب نہیں سمجھتے، سیاسی یتیموں کا ٹولہ از خود ہی خیالی پلاؤ بنا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مذاکرات کے لیے آپکے لیڈر مرے جارہے ہیں ہمیں کوئی دلچسپی نہیں، بانی پی ٹی آئی ڈیڑھ سال سے نوازشریف کی منتیں ترلے کررہے ہیں، نواز شریف کی سیاست، ویژن اور مشن صرف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے، عمران خان کے ساتھ کسی جماعت کا سیاسی لیڈر بیٹھنا بھی مناسب نہیں سمجھتا۔
عظمیٰ بخاری کاکہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی مفاد پرست، احسان فراموش اور محسن کش انسان ہے، جو شخص اپنے محسنوں کو میر جعفر کے القابات دیتا ہے اس پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست آپ جیسے نو مولود بونے سمجھنے سے قاصر ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 9 مئی کے اشتہاری مراد سعید بیرون ملک بیٹھ کے حکومتی فیصلے کر رہا ہے کہ کس کو کابینہ میں رکھنا اور کس کو نکالنا ہے؟ علی امین گنڈاپور عثمان بزدار پارٹ ٹو بن چکے ہیں۔