ورلڈکپ کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ کی سرجری کا باقاعدہ آغاز ... چئیرمین پی سی بی کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کے 2 سینئر ارکان فارغ کر دیے گئے

چئیرمین پی سی بی کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کے 2 سینئر ارکان فارغ کر دیے گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 10 جولائی 2024 00:25
ورلڈکپ کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ کی سرجری کا باقاعدہ آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی2024ء) چئیرمین پی سی بی کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کے 2 سینئر ارکان فارغ کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ کی سرجری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی جانب سے پاکستان کرکٹ کی سرجری کیلئے اٹھائے گئے سب سے پہلے اقدام میں سلیکشن کمیٹی کے 2 سینئر ارکان وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو فارغ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد یوسف اور اسد شفیق کو بھی سلیکشن کمیٹی سے ریلیز کر دیے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ آنے والے دنوں میں مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کوچز کو بھی فری ہینڈ دے دیا۔
(جاری ہے)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے وائٹ اور ریڈ بال فارمیٹ کے ہیڈ کوچز گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی نے ملاقات کی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں بیٹنگ اور بولنگ خصوصاً فیلڈنگ کو بہتر بنانے کیلئے جامع پلان وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی جبکہ یہ اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ اچھے کمبی نیشن کا فقدان ہے۔ ذرائع کے مطابق غیرملکی کوچز نے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے پلان سے محسن نقوی کو آگاہ کیا جن کی تجاویز سے چیئرمین پی سی بی نے اتفاق کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی کوچنگ کے حوالے سے آپ کو پوری سپورٹ دیں گے۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner