دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کوہالہ کے مقام پر تقریب کا اہتمام

باغ ،کوہالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2024ء) 6 ستمبریوم دفاع کی مناسبت سے وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کوہالہ کے مقام پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان، رہنما مسلم کانفرنس ثاقب مجید سمیت فوجی افسران، عوام، طلبا اور آفیسرز نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئرکمانڈر آرٹلری 12 ڈویژن پاک آرمی وقار علی نے کہا کہ وطن کے دفاع کے شہدا ء 6 ستمبر 1965 کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ملک کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ پاکستانی قوم ہمیشہ ہر ظلم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی رہی ہے۔ قومی پرچم وقار کی علامت ہے پرچم کی سربلندی کے لیے شہدا ء وطن کی قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وطن شناخت ہے وقار کی علامت ہے وطن کے پرچم کی سربلندی کے لیے اور دفاع وطن کو موثر رکھنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔آزادکشمیر اور پاکستان یکجان اور یک دل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اتحاد کے بل بوتے پر وطن دشمنوں کے ہرطرح کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ انھوں نے شہدا ء کے ورثا کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حرمت پر جانیں نچھاور کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں وطن کی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ تعلیم کی بہتری اور معاشرتی مسائل کے خاتمہ سے ہی بہتری ممکن ہے۔سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاک آرمی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پاک آرمی نے وطن کے دفاع کے لیے انگنت قربانیاں دی ہیں۔ 6 ستمبر جوانوں نے اپنے سینوں پر بارود باندھ کر وطن کا دفاع کیا اور اپنے سے حجم اور اسباب کے حساب سے دس گنا بڑی فوج کو عبرتناک شکست دے دی۔ بھارتی غرور کو 1965 میں مسلح افواج نے نیست نابود کیا اور پیغام دیا کہ دفاع وطن ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس کو نبھانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سردار عتیق نے کہا کہ مسلح افواج نے ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالا ہے۔ انھوں نے کہا کہ واضح کرتے ہیں مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کوہالہ پل تاریخی جگہ ہے پاکستان کی جانب سے یہاں یادگار کی تعمیر کے لیے اقدام پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی فوج کے کاندھے سے کاندھا ملا کر کھڑے ہوں اور ملک کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔تقریب میں آزاد جموں و کشمیر پولیس بینڈ نے میوزک کی دھنوں پر ملی نغمے پیش کیے جبکہ مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے سٹیج پر 6 ستمبر کے شہدا کی یاد میں ٹیبلوز اورملی نغمے پیش کر کے بھرپور انداز میں شہدا وطن کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے سٹیج پر شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کیے۔ بعدازاں بریگیڈیئرکمانڈر آرٹلری 12 ڈویژن پاک آرمی وقار علی اور سردار عتیق احمد خان نے کوہالہ پل پر پرچم کشائی کی جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے اس موقع پر قومی پرچم کو سلامی بھی پیش کی ہے۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner