لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بلدیاتی انتخابات سے قبل پنجاب میں بڑے پیمانے پر تنظیم سازی کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے 14 ستمبر کو صوبائی صدر نے اجلاس طلب کرلیا ہے۔
"ایکسپریس نیوز" کے مطابق پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ متحرک ہوگئے ہیں اور انہوں نے پارٹی کی صوبائی تنظیم کا اجلاس آئندہ ہفتے 14 ستمبر کو پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں طلب کرلیا ہے۔
اجلاس کی صدارت پارٹی کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کریں گے جس میں یونین کونسل کی سطح پر نئی تنظیم سازی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ صوبے میں نئے بلدیاتی نظام کی تشکیل اور آئندہ بلدیاتی انتخابات بارے بھی مشاورت بھی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے پنجاب کے تمام ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح کے صدور و جنرل سیکرٹریز کو شرکت کے دعوت نامے ارسال کردیے گئے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے حوالے اپنی تجاویز بھی تیار کرکے لائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی صدر میاں محمد نواز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔