اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2024ء) ڈنمارک کی کمپنی ایف ایل سمتھ کے گلوبل سی ای او میکو کیٹو نے پاکستان کی ارضیات خاص طور پر بلوچستان کے ٹیتھیان میٹالوجینک بیلٹ میں توانائی کی پیداوار میں معاون اہم معدنیات کی موجودگی کے وسیع امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے طویل المدتی شراکت داری کی خواہش ظاہر کی ہے۔اتوار کوایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایف ایل سمتھ پاکستان کی وسیع معدنی صلاحیت کے پائیدار استعمال کو یقینی بنانے کے لیے طویل المدتی شراکت داری کی خواہاں ہے،ملک ارضیات خاص طور پر بلوچستان میں ٹیتھیان میٹالوجینک بیلٹ میں توانائی کی پیداوار کیلئے معاون ضروری معدنیات کی تلاش کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کامیاب بنانے اور تعاون پر پاکستان میں ڈینش سفیر جیکب لینولف، ڈنمارک میں پاکستان کے سفیر شعیب سرور اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دورہ پاکستان کے دوران کان کنی کے مواقع کے حوالے سے حکومت کے ساتھ ہونے والی نتیجہ خیز بات چیت کا اعتراف کیا۔
(جاری ہے)
میکو کیٹو نے کہا کہ اعلیٰ حکام کے ساتھ تمام بات چیت سے یہ واضح ہوا ہےکہ سرکاری اور نجی شعبے ملک اور عوام کے فائدے کے لیے فروغ پذیر اور ذمہ دار کان کنی کی صنعت کی حمایت کے لیے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔
ڈنمارک میں پاکستان کے سفیر شعیب سرور نے کہا کہ ایف ایل سمتھ کے گلوبل سی ای او میکو کیٹو نے حال ہی میں کان کنی کے شعبے میں کاروباری امکانات تلاش کرنے کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈنمارک کی ممتاز کمپنی ایف ایل سمتھ نے پہلے ہی پاکستان کی سیمنٹ کی صنعت میں نمایاں حصہ ڈالا ہے، ملک کے 80 فیصد سے زیادہ سیمنٹ پلانٹس ان کے ذریعے نصب ہیں تاہم یہ پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں کمپنی کا پہلا قدم ہے۔ اپنے دورے کے بعد میکو کیٹو نے بتایا کہ وہ اسلام آباد کے ایک نتیجہ خیز سفر سے واپس آئے ہیں، جہاں انہوں نے حکومت کے ساتھ ابھرتے ہوئے کان کنی کے مواقع تلاش کرنے اور پاکستان کے ساتھ اپنی طویل مدتی وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کے سیکرٹری جمیل قریشی نے کہا کہ ایف ایل سمتھ کے سی ای او میکو کیٹو کے ساتھ ملاقات مفید رہی ، انہوں نے کان کنی کے شعبے میں ان کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا، جس سے وہ MAERSK کے بعد دوسری ڈینش کمپنی بن گئی، جس نے کاروباری تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے اقتصادی تعاون کو آسان بنانے میں ڈنمارک کے سفیر کی کوششوں کو بھی سراہا۔پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف نے میکو کیٹو کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کیاجس کے دوران کمپنی نے ملک کی ترقی پذیر معدنیات کی صنعت میں شراکت داری کا اعلان کیا۔ سفیر کے مطابق اس دورے میں وزیر خزانہ، وزیر تجارت، وزیر پیٹرولیم، وزیر نجکاری اور ایس آئی ایف سی کے سربراہ سمیت کئی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں شامل تھیں۔ڈنمارک کے سفارت خانے نے ایک بیان میں ایف ایل سمتھ کے سی ای او میکو کیٹو کے دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کیا جو کہ ملک میں ایک پائیدار اور فروغ پزیر کان کنی کے شعبے کی ترقی کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔ ڈنمارک میں 1885 میں قائم ہونے والی کمپنی ایف ایل سمتھ 50 سال سے زیادہ عرصے سے پاکستان میں کام کر رہی ہے ۔ اپنے دورے کے دوران میکو کیٹو نے ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف کے ہمراہ وفاقی وزراء مصدق ملک، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان اور جام کمال خان کے ساتھ تعمیری بات چیت کی تاکہ مستقبل میں وسیع امکانات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔