اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم سے پنگا مت لینا ورنہ بنگلہ دیش بھول جائو گئے ،پٹھانوں کااصول ہے ڈھول بھی لاتے ہیں اور بارات بھی ہوتی ہے ،کوئی مائی کا لال عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں کرسکتا،ہم یہ این آر او قبول نہیں کرتے، ہم قوم کے یہ لوٹے ہوئے ہزاروں ارب واپس نکلوائیں گے۔سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ این آر او دینے کا 25 کروڑ عوام کو کیا فائدہ ہوا آئین کی پاسداری نہ کی گئی، قانون کو توڑا گیا جابر حکمران کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے، ہم یہ جہاد کریں گے این آر او دینے والے ہار چکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر جیت چکا ہے۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ ایک سے دو ہفتہ میں عمران خان قانونی طور پر رہا نہ ہوا تو ہم خود عمران خان کو رہا کروائیں گے، میں لیڈ کروں گا، پہلی گولی کھاؤں گا، پیچھے نہیں ہٹنا۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف تمہارا باپ بھی عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں کرسکتا، جس کو تم باپ سمجھتے ہو وہ بھی نہیں کر سکتے، جنرل فیض کیا ہمیں جہیز میں ملا تھا فیض حمید تمھارا آدمی تھا، اسے جنرل تم نے بنایا، اسے ڈی جی تم نے بنایا، اپنا ادارہ ٹھیک کرو۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ 9 مئی سے پہلے تم میں نفرت تھی، مجھ پر تشدد کرکے جو بیان لینا چاہتے تھے وہ اگلے جلسے میں بتاؤں گا تم آئین کو نہیں مانتے تو ہم بھی آئین کو نہیں مانتے، جو تمہیں مارے اسے ماریں، اب دما دم مست قلندر ہوگا، کال کا انتظار کرو، ہمارا اگلا جلسہ لاہور میں ہوگا، مریم نواز میں آرہا ہوں، این او سی ملے نہ ملے لیکن پنگا مت لینا وہ حال کریں گے کہ بنگلہ دیش بھول جاؤ گے، ہمارے پٹھانوں کا اصول ہے ڈھول بھی لاتے ہیں اور بارات بھی ہوتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پختونخوا کی عوام نے اپنی طاقت کے زور پر اپنا مینڈیٹ چوری ہونے سے بچایا، پختونخوا میں ہماری مکمل گرپ ہے کسی کا باپ بھی کسی کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، خدا کی قسم خون بھی بہائیں گے لیکن تمھیں تمھارے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، ہم یہ این آر او قبول نہیں کرتے، ہم قوم کے یہ لوٹے ہوئے ہزاروں ارب واپس نکلوائیں گے، یہ جو امریکہ کے غلام ہیں ان کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں کیوں کہ وہ حق کے ساتھ ہے، سب کو پتا چل گیا نہ جب زور دکھاتے ہیں تو یہ پاؤں پکڑتے ہیں، اعظم سواتی کیلئے 7 بجے گیٹ کھولے اور کہا عمران خان اللہ کا واسطہ ہے عوام کو روک لے۔