واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹیسلا، سپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے زمین کے ساتھ ساتھ خلا میں بھی اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ وہ اس وقت زمین کے مدار میں گردش کرنے والے دو تہائی مصنوعی سیاروں کو کنٹرول کر رہے ہیں۔
مصنوعی سیاروں سے متعلق معلومات رکھنے والے گروپ سیلس ٹریک نے تبایا ہے کہ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس 62 فیصد فعال سیٹلائٹس کو کنٹرول کر رہی ہے۔ ان کی تعداد 6370 ہے۔
اسپیس ایکس نے 2019 میں اپنا پہلا سیٹلائٹ لانچ کیا۔ اس کے بعد سے وہ یومیہ 3 کے اوسط سے مصنوعی سیارے زمین کے مدار میں بھیج رہی ہے۔ایلون مسک کے زیرِتصرف مصنوعی سیاروں کی تعداد برطانوی حریف ادارے وین ویب کے مصنوعی سیاروں کی تعداد سے 10 گنا ہے۔
تیز رفتار انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کنیکٹیویٹی فراہم کرنے والا سٹار لنک کانسٹیلیشن 102 ملکوں میں فعال ہے اور اِس کے صارفین کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہے۔
سپیس ایکس 42 ہزار سیٹلائٹس لانچ کرنا چاہتا ہے۔ اقتصادی اور انٹرنیٹ سے متعلق پابندیوں کے باعث ایران، شمالی کوریا، چین، افغانستان، روس اور شام کو سپیس ایکس کی فہرست سے فی الحال باہر رکھا گیا ہے۔