بلنیور (نیٹ نیوز) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔چین کے شہر ہلنبیور میں کھیلے جارہے ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہوگیا، قومی ٹیم 0-2 صفر کی برتری حاصل کرنے کے باوجود اپنا پہلا میچ جیتنے میں ناکام رہی حریف ٹیم نے شاندار انداز سے پاکستان سے میچ میں کم بیک کیا اور دو گول کرکے میچ برابر کردیا۔افتتاحی میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ کے دوران 6 سے زائد پینلٹی کارنرز ضائع کیے۔گرین شرٹس کی جانب سے پہلے کوارٹر میں پینلٹی کارنر کے ذریعے پہلا گول سفیان خان نے اسکور کیا جبکہ دوسرے کوارٹر میں ندیم احمد نے فیلڈ گول داغا۔جواب میں ملائیشیا نے تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں گول کر میچ برابر کردیا۔قومی کپتان عماد شکیل بٹ شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے انہوں نے کہا کہ میچ کا شاندار آغاز کرنے کے باوجود فتح حاصل نہ کرنے کا افسوس ہے اگلا میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا اگلا میچ آج کوریا کے خلاف کھیلے گا۔