لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل حرا خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان سے ایک مرتبہ رات دیر گئے آڈیشن دینے اور اس دوران نامناسب لباس پہننے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سال 2018 میں 'موہنی میشن کی سنڈریلائیں' سے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے والے حرا خان کئی ڈراموں میں خوبصورت اداکاری کر کے اپنی پہچان بنا چکی ہیں۔ان کے قابل ذکر ڈراموں میں "پھانس، پیاری نمو، گرو، وہ پاگل سی، میرے ہمسفر" شامل ہیں۔
اداکارہ کے انٹرویو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس میں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں ہونے والی دھوکہ دہی سے پردہ اٹھایا۔اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ ڈرامہ سیریل 'میرے ہمسفر' کی شوٹنگ میں مصروف تھیں اسی دوران ایک ساتھی اداکارہ نے انہیں کہا کہ ایک بڑے ڈائریکٹر ایک ڈرامے کے لیے اداکاروں کو کاسٹ کررہے ہیں تو آپ کو ان سے ملنا چاہیے۔میں نے اداکارہ سے ان کا نمبر لیا اور گھر جا کر انہیں میسج کردیا، عموماً ایسا ہوتا ہے کہ آپ کسی سے رابطہ کرکے اپنا پورٹ فولیو بھیجتے ہو تو کام مل جاتا ہے۔
حرا خان نے بتایا کہ انہوں نے مجھ سے میرا کام مانگا ہی نہیں بلکہ مجھ سے صرف میری 2 تصویریں بھیجنےکا کہا گیا اور کہا گیا کہ ہمیں آپ کا کام نہیں دیکھنا، آپ آڈیشن دیں اسی کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔بات کو جاری رکھتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میں نےانہیں کہا کہ ٹھیک ہے میں کل دوپہر میں 3 بجے آجاتی ہوں تو مجھے کہا گیا کہ نہیں آپ رات کو 11 بجے آئیں۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ آپ کو ایک ’سلیولیس کراپ ‘ٹاپ پہنائیں گے جس کے ساتھ آپ کو شارٹس پہننا ہوں گے، یہ ایک پرائیویٹ آڈیشن ہوگا اور اس کی تصاویر صرف ان پروڈیوسرز تک جائیں گی جو پیسہ لگارہے ہیں۔اداکارہ نے بتایاکہ انہوں نے کہا کہ میں اس طرح کے کپڑے آن سکرین نہیں پہن سکتی لیکن انہیں کہا گیا کہ آپ فکر ہی مت کریں وغیرہ وغیرہ، جس پر میں نے فون بند کردیا۔
حرا خان نے بتایا کہ بعد میں انہوں نے انڈسٹری کے ایک اور ڈائریکٹر سے رابطہ کر کے انہیں اس بارے میں بتایا جس پر انہوں نے اداکارہ کو چیک کر کے بتایا کہ یہ وہ ڈائریکٹر نہیں ہیں جن کا نام لیا جارہا ہے بلکہ یہ کوئی دھوکہ دہی کا معاملہ ہے۔