کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) محکمہ موسمیات نے موسمیاتی پیش گوئیوں کیلئے جدیدریڈارخریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ڈائریکٹرجنرل محکمہ موسمیات صاحبزادہ خان نے بتایا کہ 5 فکسڈ ریڈار ملک کے مختلف حصوں میں لگائے جائیں گے جبکہ محکمہ موسمیات 3 پورٹیبل سرویلنس ریڈاربھی خریدے گا۔
ڈی جی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ریڈارخیبرپختونخوا کے شہروں چراٹ، ڈیرہ اسماعیل خان میں نصب ہوں گے جبکہ کوئٹہ ،گوادر اورلاہور میں بھی ریڈارلگایا جائیگا۔
صاحبزادہ خان کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں 300 آٹومیٹک ویدرسٹیشنزکی تنصیب بھی کی جائےگی۔
واضح رہے کہ بادل میں بارش کی مقدار اور سمندری طوفان سے متعلق پیشگی اطلاع فراہم کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ریڈار کراچی میں 2019 میں نصب کیاگیا تھا۔