اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی ایم این ایز کی گرفتاری کے وقت کہاں تھے؟ سینئرصحافی حماد حسن نے بڑا دعویٰ کردیا۔
سینئرصحافی حماد حسن کا ایک انٹرویو میں کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس سے اس وقت نکلے جب پولیس پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کی گرفتاریاں کررہی تھی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی ہاؤس ایسی جگہ پر موجود ہے جہاں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں،علی امین گنڈاپور وہاں سے کہاں گئے یہ کسی کو معلوم نہیں تھا۔
حماد حسن نے کہا کہ میں نے علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین کو فون کیا اور وزیراعلیٰ سے متعلق پوچھا،اس دوران بہت سے ساتھیوں کی جانب سے خبریں دی جارہی تھی کہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرلیا گیا ہے،یہ ایک طے شدہ منصوبہ تھا تاکہ پی ٹی آئی کے تمام ایم این ایز کو گرفتار کیا جائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے فیصل امین سے پوچھا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کہاں ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے نہیں معلوم ،حماد حسن نے مزید کہا کہ جب میں نے اپنے ذرائع سے پتہ کیا تو معلوم ہوا کہ علی امین رات 12بجے تک ایک فارم ہاؤس میں تھے ، اس کے بعد وہ اڈیالہ جیل گئے وہاں کچھ اور لوگ بھی مذاکرات کیلئے موجود تھے،عمران خان اور علی امین کی تقریباًرات 2 بجے ملاقات ہوئی۔