پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جلسے میں بولے گئے اپنے الفاظ پر قائم ہوں کسی صورت معافی نہیں مانگوں گا۔
پشاور میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے وزیراعلیٰ کے رات بھرغاب رہنے پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ رات بھر کسی نے کہیں زبردستی نہیں بٹھایا بلکہ اجلاس میں تھا اورجیمر کی وجہ سے رابطہ نہ ہوسکا تو اہل خانہ اور ساتھیوں میں تشویش پھیل گئی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سنگجانی جلسے میں کہے اپنے الفاظ پر قائم ہوں، اسے پیچھے ہٹوں گا نہ ہی معافی مانگوں گا، بانی پی ٹی آئی نے میرے مؤقف کی تائیدکی ہے اب جسے مخالفت کرنی ہے کرلے۔ اجلاس میں وزیراعلی کے اٹل لہجے کی وجہ سے ارکان بھی ان کے ہم نوا ہوگئے اور سب نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مؤقف کی حمایت کردی اور مستقبل کے جلسوں میں بھی سخت مؤقف اپنانے پراتفاق کیا گیا۔