کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کی تیزی کے بعد ایک مرتبہ پھر مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا، انڈیکس کی 79000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی گرگئی۔
تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں مندی کے سبب 47 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 55ارب 22کروڑ 70ہزار 439 روپے ڈوب گئے۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 634.94 پوائنٹس کی کمی سے 78651.80 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 256.33 پوائنٹس کی کمی سے 24816.91 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 264.23 پوائنٹس کی کمی سے 50777.65 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 1088.80 پوائنٹس کی کمی سے 124797.28پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم منگل کی نسبت 4.56فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 53کروڑ 27لاکھ 32ہزار 689طحصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 439 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 178 کے بھاؤ میں اضافہ، 206 کے داموں میں کمی اور 55 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔