انیل اروڑہ نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں اپنی رہائشگاہ کی چھت سے کود کر زندگی کا خاتمہ کیا
ممبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر 2024ء ) بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی اداکارہ اور ماڈل ملائیکہ اروڑہ کے والد نے عمارت کی چھت سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملائیکہ اروڑہ کے والد انیل اروڑہ نے آج صبح ممبئی کے علاقے باندرہ میں اپنی رہائش گاہ کی چھت سے چھلانگ لگائی تو واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوراً موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا جہاں پہنچنے سے پہلے ہی انیل اروڑہ کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ جس وقت یہ واقعہ ہوا ملائکہ اروڑہ تب گھر پر موجود نہیں تھیں، تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی ملائیکہ اروڑہ، ان کے دیگر اہل خانہ اور سابق شوہر ارباز خان اُن کے والد کی رہائش گاہ پہنچے، اس کے علاوہ ارجن کپور، سلیم خان اور سلمان خان کی فیملی کے دیگر افراد سمیت کئی مشہور شخصیات بھی انیل اروڑہ کے گھر پہنچیں، سلمان خان کی والدہ سلمیٰ خان، الویرا خان اگنی ہوتری، سہیل خان اور نروان خان بھی ان میں شامل ہیں۔
(جاری ہے)
معلوم ہوا ہے کہ پولیس تاحال تک اس خود کشی کی وجوہات کا پتا نہیں چلا سکی جس کے لیے تحقیقات جاری ہیں، اس سلسلے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انیل اروڑہ رہائشی عمارت کی چھٹی منزل پر رہائش پذیر تھے، ہم تمام زاویوں سے اس واقعے کی تفصیلی تحقیقات کر رہے ہیں، ہماری فرانزک ٹیمیں تحقیقات کے لیے یہاں موجود ہیں، انیل اروڑہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجی جا رہی ہے، ہم ہر چیز کی چھان بین کر رہے ہیں، ابتدائی طور پر یہ خودکشی لگتی ہے لیکن ہم مزید تفتیش کر رہے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ملائیکہ اروڑہ کے والد کا تعلق پنجاب سے تھا، وہ بھارتی مرچنٹ نیوی سے ریٹائرڈ ہوئے تھے، بھارتی اداکارہ ملائیکہ اروڑہ کی عمر جب صرف 11 سال تھی اس وقت ان کے والدین، ماں جوائس پالی کارپ اور والد نے علیحدگی اختیار کی، تب ملائیکہ کی چھوٹی بہن اداکارہ امریتا اروڑہ صرف 6 سال کی تھیں، طلاق کے بعد دونوں بہنوں کی پرورش ان کی ماں نے کی۔