لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید میلادالنبی ؐپر فول پروف سیکورٹی کا حکم دیاہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پولیس افسران کو علما کرام کے پاس خود جاکر ملنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی، مریم نواز نے منظوری دے دی۔انہوں نے پولیس اہلکاروں کواے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹیں فوری طور پر دینے کا حکم دیا۔سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی۔بارڈر سیکورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتربنانے کا حکم دیا۔بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدیدٹریننگ کی ہدایت کی۔
(جاری ہے)
ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔
ناجائز اسلحہ کے خاتمے کیلئے مہم مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا۔آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے سوشل میڈیا اور کیمرے کے استعمال کرنے پر سخت پابندی عائد کردی گئی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے۔ عوام کے تحفظ کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا۔ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ پولیس جرم سرزد ہونے کا انتظار کیے بغیر پیشگی ایکشن کی اہلیت پیدا کرے۔ عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا کریں گے۔ پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ آوروں کو اس قدر سخت جواب دیا جائے کہ وہ دوبارہ حملے کی جرت نہ کریں۔ پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پولیس پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے۔ اجلاس میں پولیس کو ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی-سینئر صوبائی منسٹر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمی زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق،بریگیڈئر (ر) بابر علاالدین، چیف سیکرٹری،ہوم سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی-