لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپورٹس بورڈ نے گزشتہ 5 سال کے دوران مختلف فیڈریشنز اور ایتھلیٹس کو 1 ارب سے زائد کے فنڈز دیے۔پی ایس بی نے مالی سال 20-2019ء سے لے کر مالی سال 24-2023ء تک کے فنڈز کی تفصیلات ویب سائٹ پر ڈال دی۔پی ایس بی سے جاری فنڈز کا بڑا حصہ گزشہ دو سال میں دیا گیا، مالی سال 24-2023ء میں مختلف فیڈریشنز اور پلیئرز میں 50 کروڑ سے زائد تقسیم کیے گئے۔مالی سال 23-2022ء کے دوران پی ایس بی نے 42 کروڑ سے زائد اور 20-2019ء میں صرف ڈھائی کروڑ جبکہ21-2020ء میں سوا 4 کروڑ جاری کیے، پی ایس بی کی جانب سے 22-2021ء میں فیڈریشنز کو 6 کروڑ 95 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کو گزشتہ 5 سال میں ساڑھے 11 کروڑ سے زائد فنڈز ملے، 24-2023ء میں والی بال فیڈریشن کو 10 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 5 سال میں پی ایس بی سے 10 کروڑ 36 لاکھ روپے کے فنڈز ملے۔دستاویز کے مطابق پی ایچ ایف کو پچھلے مالی سال میں ہی 5 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد دیے گئے، ایتھلیٹکس فیڈریشن کو 5 سال میں 10 کروڑ روپے سے زائد ملے، اے ایف پی کو مالی سال 24-2023ء میں 7 کروڑ روپے کی فنڈنگ ہوئی۔نیٹ بال فیڈریشن کو 5 سال میں 7 کروڑ روپے کی فنڈنگ ہوئی جبکہ پچھلے 2 سال کی فنڈنگ ساڑھے 6 کروڑ روپے دیے گئے۔تائیکوانڈو فیڈریشن کو 5 سال میں 6 کروڑ روپے، ٹینس فیڈریشن کو 4 کروڑ 86 لاکھ روپے جبکہ سکواش فیڈریشن کو 5 کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہوئے۔