اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے معاملے پرمولانا فضل الرحمان نے حکومت کی حمایت نہیں کی۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں کے سوالوں پر وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے مطلوبہ تعداد کے بارے میں صورت حال صبح واضح ہوجائے گی، لگتا ایسا ہی ہے نمبر پورے نہیں ہیں، میں صبح سے قومی اسمبلی میں موجود تھا تو حقیقت کا علم نہیں ہے لیکن لگتا یہی ہے نمبر پورے نہیں تھے اسی لیے قانون سازی نہیں ہوئی۔اس سے قبل خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت میں توسیع کی خبر درست نہیں ہے تاہم جو بھی ہو رہا ہے اجتماعی افادیت کے لیے ہو رہا ہے، چلیں ہماری نیت ٹھیک نہ سہی کام تو ٹھیک کر رہے ہیں، امید ہے مولانا ووٹ دیں گے۔