اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں اتحاد، محبت اور بھائی چارے کی تلقین کی، یہی وہ اصول ہیں جو ہمیں معاشرتی اور اقتصادی مسائل سے نکال سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق میلادالنبی کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺکا ہرعمل اور فرمان اس بات کا مظہر ہے کہ انسانیت کو کس طرح محبت، رواداری اور انصاف کے اصولوں پر قائم رہ کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور پاکستان کو درپیش چیلنجز کا حل نبی اکرمﷺ کی تعلیمات میں پنہاں ہے، اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کی ترقی کیلئے کام کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس عمل کو اپنائیں جس میں وہ دوسروں کی مدد اور فلاح کیلئے کوشاں رہتے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں کے حق میں ہر فورم پر آواز اٹھائیں اور عالمی برادری کو ان کی حمایت پر آمادہ کریں۔