ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کو ابھارنے کی ضرورت ہے، بلال آفریدی

پیر 16 ستمبر 2024 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2024ء) جیولین تھرو کے انٹرنیشنل اتھلیٹ بلال آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کو ابھارنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوتھی ساف جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت اور وطن واپسی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری کسی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پہلی شرکت تھی اور وہاں جا کر مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین اور پاکستان سپورٹس بورڈ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمارے لئے دو ہفتے کا تربیتی کیمپ لگایا اور امید ہے وہ آئندہ زیادہ سے زیادہ تربیتی کیمپ لگا کر مزید تربیت کے مواقع فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں بلال آفریدی نے کہا کہ جس طرح اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کو پاکستان میں تمام وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ، ساتھ بیرون ممالک ٹریننگ کے لئے بھیجا گیا، مجھے بھی تربیت کے لئے انتظامات اور وسائل فراہم کریں گے۔ ارشد ندیم کی پیرس اولمپک گیمز میں کامیابی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بلال آفریدی نے کہاکہ میرا بھی ایک خواب ہے کہ جس طرح پیرس اولمپک گیمز میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا ، میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرکے اپنے ملک کا نام روشن کروں۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner