پاکستان شوبز انڈسٹری کے مایاناز مگر اپنے متنازع بیانات کے باعث شہ سرخیوں میں رہنے والے اداکار فردوس جمال نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا اپنی شادی کو قرار دے دیا۔
حال ہی میں سینیئر اداکار نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیریئر، نجی زندگی اور ملک میں بطور فنکار کے تجربات پر روشنی ڈالی۔
متنازع بیانات کے باوجود مایاناز اداکار کبھی اپنے بیانات سے پیچھے نہیں ہٹے اور بے باکی سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا بتاتے ہوئے کہا کہ میں تو ماں کی گود میں بھی آرٹسٹ تھا لیکن میری شادی غلط لوگوں اور غلط وقت پر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میں فنکار ہوں، میں تو ماں کی گود میں بھی فنکار تھا لیکن میری اہلیہ اور میرے سسرال والے میرے لیے بطور فنکار سازگار نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک فنکار ہوں اور میری شادی غلط وقت پر غلط لوگوں میں ہوئی۔ اگر میں نے کسی ایسے شخص سے شادی کی ہوتی جو فنکار ہوتا یا کسی ایسے خاندان سے تعلق رکھتا تو وہ مجھے بہتر انداز میں سمجھ سکتا تھا۔ میری زندگی بالکل مختلف ہوتی۔ صرف غلط شادی نے مجھے تنہا اور ایک انٹروورٹ شخص بنا دیا۔
اسی بات پر انہوں نے وضاحت بھی پیش کی کہ مجھے یہ افسوس نہیں کہ میری شادی وہاں کیوں ہوئی بلکہ اگر آرٹسٹ ساتھی ملتا تو میرا ہنر مزید نکھرتا۔
فردوس جمال نے واضح کیا کہ میں اپنی شادی اور بچوں سے خوش ہوں اور سب سے زیادہ خوشی بڑے بیٹے حمزہ جمال کی پیدائش پر ہوئی تھی۔
انہوں نے دلیل دی کہ چوں کہ وہ پیدائشی آرٹسٹ تھے اور تاحال آرٹسٹ ہیں جب کہ ماں کی گود میں بھی وہ آرٹسٹ تھے لیکن انہیں شادی کے لیے ویسا شخص نہیں ملا، جیسے وہ خود ہیں۔