کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2024ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ جمہوریت کو مضبوط بنا کر موثر طریقے سے عوام کے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج بھی جمہوریت دنیا میں جغرافیائی اور قومی حدود کے باوجود عالمی سطح پر سب سے زیادہ قبول شدہ اور ترجیحی نظام حکومت ہے، جمہوریت کا تصور دراصل عوام کے حقوق و اختیارات کی پاسداری کے تصور میں پیوست ہے، جمہوریت میں ہی تمام شہریوں کی فعال شرکت، بنیادی حقوق کے تحفظ، آزادی اظہار رائے اور سماجی انصاف کی پاسداری کو اولیت حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشاہدہ سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ کثیر القومی ریاستوں اور کثیر الطبقاتی معاشروں میں جمہوریت اپنی امتیازی خصوصیات کی وجہ سے مساوی مواقع اور سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے نسبتاً بہتر نظام تصور کیا جاتا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے اپنے رویوں کو جمہوری بنانا، عملی زندگی میں جمہوری طرز عمل کو اپنانا اور اختلاف رائے کا احترام کرنا لازمی ہے کیونکہ اپنے قول و فعل کو جمہوری بنانا صحت مند اور تہذیب یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔
بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ آئیے ہم سب ملکر صحت مند اور استحصال سے پاک معاشرہ کی تشکیل کیلئے متحد ہو جائیں جہاں ہر کسی کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع اور سہولیات میسر ہوں۔
متعلقہ عنوان :