کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ ایکسائز سندھ کی جانب سے پریمیئم نمبر پلیٹس کےلیے آن لائن بولی کا عمل شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
یہ اعلان شرجیل میمن کی زیرصدارت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پلاٹینم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں نمبر پلیٹس پر اب آن لائن بولی لگائی جاسکے گی۔ آن لائن بولی کا مقصد سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کےلیے فنڈز اکٹھا کرنا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پریمیئم نمبر پلیٹس کیلئے خصوصی پورٹل متعارف کروایا جائے گا۔ شرکاء پلاٹینم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں پریمیئم نمبر پلیٹس پر بولی لگا سکیں گے۔