ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی گلوکار، میوزک کمپوزر و اداکار ہمیش ریشمیا کے والد اور میوزک ڈائیریکٹر ویپن ریشمیا 87 سال کی عمر میں دنیا چھوڑ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 ستمبر کو ویپن ریشمیا کی فیملی کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جو ویپن ریشمیا کے کی موت کی تصدیق کر رہا تھا۔بیان میں لکھا گیا کہ 'ہم بہت گہرے صدمے کے ساتھ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ 'ہمارے والد ویپن ریشمیا 18 ستمبر 2024 کو دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں'۔
بیان میں مزید لکھا گیا کہ 'ایک نیک انسان جن کے دل میں بے انتہا محبت بھری ہوئی تھی ان کی موجودگی سے بے شمار زندگیاں روشن تھیں، وہ اپنے پیچھے رحم دلی، محبت اور بے شمار اچھی یادیں اور بے مثال میوزک چھوڑ گئے ہیں'۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویپن ریشمیا ممبئی کے کوکیلابین دھیرو بھائی امبانی ہسپتال میں سانس لینے میں دشواری کے سبب ایڈمٹ تھے اور اسی ہسپتال میں وہ دم توڑ گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ویپن ریشمیا کی آخری رسومات جمعرات 19 ستمبر کو صبح ساڑھے گیارہ بجے ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔ویپن ریشمیا نے فلم 'دی ایکسپوز' اور 'تیرا سرور 'پروڈیوس کی جبکہ فلم 'انصاف کا سورج' کے لیے موسیقی تیار کی تھی۔
ویپن ریشمیا کے بیٹے ہمیش نے بھی والد کی طرح بطور میوزک کمپوزر کریئر کا آغاز کیا جبکہ سال 2007 میں فلم 'آپکا سرور' سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔ہمیش ریشمیا نے بھارت کے متعدد سنگنگ ریلیٹی شوز کے جج کا کردار بھی ادا کیا جن میں 'انڈین آئیڈل' ، 'سارے گاما پا چیلنج' ، 'سُرکشیترا' اور 'میوزک کا مہا مقابلہ' شامل ہیں۔ہمیش ریشمیا نے فلم 'آپ کا سرور'، 'قرض' ، 'ریڈیو' ، 'کجرارے' ، 'دما دم' ، 'کھلاڑی 786' اور 'تیرا سرور' جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔