تاریخ کی کامیاب ترین پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی بھارت میں نمائش کی خبر آتے ہی بھارتی انتہاپسند فلم کی ریلیز رُکوانے کےلیے سرگرم ہوگئے ہیں۔
بھارت کی انتہاپسند ہندو جماعت مہاراشٹرا ناونرمان سینا Maharashtra Navnirman Sena نے دھمکی دی ہے کہ بھارت میں پاکستانی فلموں کو ریلیز نہیں ہونے دیا جائے گا اور نہ ہی پاکستانی اداکاروں کو بھارتی فلموں میں کام کرنے دیا جائے گا۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ 2 اکتوبر سے بھارتی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت میں یہ فلم دسمبر 2022ء میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن انتہاپسند ہندو گروپس اور مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کی شدید مخالفت کی وجہ سے اس فلم کی ریلیز کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔
فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 13 اکتوبر 2022ء کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم نے باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی تھی۔
فلم 1979 کی کلاسک مولا جٹ کی ری میک ہے، فلم لیجنڈ آف مولا جٹ میں فواد خان، ماہرہ خان اور حمائمہ ملک جلوہ گر ہوئے ہیں۔