ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بلاک بسٹر فلم اینیمل سے شہرت پانے والی اداکارہ ترپتی دیمری نے اپنے کیریئر کی مشکلات اور ذاتی زندگی میں پیش آنے والے تلخ تجربات بیان کردیے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں ترپتی نے بتایا کہ جب انہوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو ان کے خاندان اور معاشرے کے لوگوں نے ان کے والدین کو ’کڑوی باتیں‘ سنائیں۔
روز نامہ جنگ کے مطابق ترپتی کا کہنا تھا کہ میں اتراکھنڈ سے ہوں لیکن میری پرورش دہلی میں ہوئی، اور میرے والدین اور خاندان دہلی میں ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ جب میں ممبئی آئی تو لوگ میرے والدین سے کہنے لگے کہ ’آپ نے اپنی بیٹی کو فلم انڈسٹری میں کیوں بھیجا؟ وہ بگڑ ہوجائے گی، غلط لوگوں کے ساتھ گھومے گی، غلط فیصلے کرے گی اور اس سے کوئی شادی نہیں کرے گا۔‘انہوں نے مزید کہا کہ اس تنقید کے باوجود میں اپنے خوابوں کو ترک کرنے کو تیار نہیں تھیں اور جب ان کی پہلی فلم لیلیٰ مجنوں ریلیز ہوئی تو ان کے والدین نے ان پر فخر محسوس کیا۔