اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی وضاحت کے تفصیلی جائزے کے بعد اہم فیصلے کرلیے ہیں، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں نئی متفرق درخواست دائر کرے گا جس کے ذریعے سپریم کورٹ سے رہنمائی طلب کی جائے گی کہ جب قانون موجود ہے کہ اب مخصوص نشستیں الاٹ نہیں کی جا سکتیں تو فیصلے پر عملدرآمد کیسے ہو۔الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے روکتا ہے، سپریم کورٹ بتائے فیصلے پر تیکنیکی طور پر کیسے عملدرآمد کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس میں قانونی رائے اور سپیکر قومی اسمبلی و پنجاب اسمبلی کے خطوط کا جائزہ لیا گیا ہے۔