بھارتی ریاست اڑیسہ سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ رخسانہ بانو 27 سال کی عمر میں چل بسیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان گلوکارہ اسپتال میں زیرِ علاج تھیں جہاں بدھ کی رات ان کی موت ہوئی۔
اسپتال حکام نے بتایا ہے کہ ان کا اسکرب ٹائفس (Scrub Typhus) کا علاج جاری تھا، یہ بیماری بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکارہ کی موت کی حتمی وجہ فی الحال نہیں بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب گلوکارہ کی والدہ اور بہن نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی کو مغربی اڑیسہ کے ایک حریف گلوکار نے زہر دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اہلِ خانہ نے جس شخص پر الزام عائد کیا ہے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی، رخسانہ بانو کو 27 اگست کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اہلِ خانہ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بیٹی کو پہلے بھی دھمکیاں ملی تھیں۔
گلوکارہ کی بہن روبی بانو کا کہنا ہے کہ 15 دن پہلے شوٹنگ کے دوران جوس پینے کے بعد بہن کی طبیعت خراب ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔