اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2024ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یومِ سگِ گزیدگی ( باولے کتے کے خاٹنے) 28 ستمبر کو منایا جائے گا۔ اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے 2007ء سے ہر سال 28 ستمبر کو یہ دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں سگ گزیدگی ،کتے کے کاٹنے سے پیدا ہونے والے مرض کے حوالہ سے آگاہی اور اس سے تحفظ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔سگ گزیدگی کتے کے کاٹنے سے ہونے والی ایک بیماری ہے، جس کا شمار دنیا کی قدیم بیماریوں میں ہوتا ہے۔اس مرض کی علامات میں پانی کا خوف،گلے میں جلن،دم گھٹنے کا احساس،جسم کے اعضاء کو ہلا نہ سکنا،متلی کی کیفیت، الٹیاں ہونا اور طبعیت ہر وقت خراب رہنا،ذہنی انتشار اور ہوش کھونا،نا قابل برداشت سر درد کا ہونا،عضلات میں کھچاؤ، لعاب دهن کی زیادتی اور منہ سے جھاگ نکلنا،ہوا سے حساسیت،اچانک شور سن کر دورہ پڑ جانا،نگلنے میں شدید مشکل پیش آنا اور نیند کا نہ آنا شامل ہیں ۔
(جاری ہے)
اگر ریبیز ہو جائے تو اس کا علاج نہیں ہو سکتا تاہم اس کی ویکسین کے بروقت استعمال سے ریبیز سے بچا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ریبیز صرف کتے کے کاٹنے سے ہی نہیں ہوتی بلکہ بلی، لومڑی جیسے جانوروں کے کاٹنے سے بھی ہر سال پانچ ہزار افراد ریبیز کے مرض میں مبتلا ہو کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ان میں پالتو اور گھریلو جانور بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ اس لئے ان کی ویکسینیشن کرانی بےحد ضروری ہے۔ ماضی میں کتوں کے کاٹنے پر چودہ انجیکشن لگتے تھے لیکن اب اس کا علاج قدرے آسان ہے ۔ اس دن کی مناسبت سے سرکاری، نجی و طبی اداروں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں عام آدمی کو مرض ،علاج اور تحفظ کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔متعلقہ عنوان :