ژیان، چائنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2024ء) وفاقی وزیرِ پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے چین کے ساتھ توانائی اورصنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے اتوار کو چین کے صوبہ شینزی میں واقع شینزی کول اینڈکیمیکل انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان توانائی، پیٹرو کیمیکلز اور پائیدار صنعتی ترقی کے شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ کرنا ہے وزارت پٹرولیم کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال شینزی کوئلہ اور کیمیکل گروپ کے جنرل منیجر ژاؤ فتانگ اور دیگر سینئر ایگزیکٹوز نے کیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر کو کمپنی کے مختلف آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جن میں ان کے کوئلہ کان کنی کے منصوبے، پیٹرو کیمیکل پروسیسنگ پلانٹس، اور صاف توانائی کی ٹیکنالوجیز میں پیشرفت شامل ہیں۔
(جاری ہے)
شینزی کوئلہ اور کیمیکل انڈسٹری گروپ چین کے سب سے بڑے سرکاری اداروں میں سے ایک ہے، جس نے کوئلہ، کیمیکلز اور نئی توانائی کے شعبوں میں نمایاں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
وفاقی وزیر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص کوئلہ کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے تھا۔ دونوں فریقین نے کوئلہ سے کیمیکلز بنانے کی ٹیکنالوجی اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری جیسے شعبوں میں ممکنہ شراکت داری پر تعمیری بات چیت کی۔ اس موقع پر تھر کول بورڈ، سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی اور محکمہ توانائی سندھ کے نمائندے بھی موجود تھے۔متعلقہ عنوان :