لاہور(پ ر)پنجاب پریمیئر لیگ ٹرافی کی تقریب رونمائی گزشتہ روز یونیورسٹی آف لاہور میں منعقد ہوئی جس میں چیئر مین بورڈ آف گورنرز دی یونیورسٹی آف لاہور و پیٹرن انچیف پنجاب پرئمیرلیگ اویس رؤف نے مہمان خصوصی جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر نے بطور گیسٹ آف آنرشرکت کی۔تقریب میں انکے علاوہ سابق ٹیسٹ کرکٹر ہمایوں فرحت،انٹرنیشنل کمینٹیٹراسد علی یونس،سیف الاعظم خان سمیت سٹوڈنٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ٹرافی کی رونمائی پیٹرن انچیف اویس رؤف، سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر، اسد علی یونس اور ندیم منظور نے کی۔ تقریب رونمائی سے خطاب کر تے ہوئے چیئر مین یونیورسٹی آف لاہورو پیٹرن انچیف پنجاب پریمیئر لیگ اویس رؤف نے کہا کہ یہ لیگ 4اکتوبر سے 11اکتوبر تک جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں ہو رہی ہے جس کا باقاعدہ پی سی بی سے این او سی لیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کے بعد کرکٹ بورڈ کی منظوری سے ہونے والی یہ دوسری لیگ ہے۔بطور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹی اس ایونٹ کے ساتھ اشتراک سے خوشی ہوئی ہے۔اس لیگ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو نیا ٹیلنٹ مل سکے گا جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرے گا۔کرکٹ کے زیادہ تر ایونٹس لاہور میں ہوتے ہیں اس لیے ہم نے گوجرانوالہ سٹی میں اس لیگ کو منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں فلڈ لائٹس میں ڈے اینڈ نائٹس میچز ہوں گے۔گیسٹ آف آنر سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ لیگ کا منصوبہ کافی عرصے سے چل رہا تھا جس میں اب کامیابی ہوئی ہے اور چار اکتوبر سے 11اکتوبر تک گوجرانوالہ میں یہ لیگ منعقد ہونے جا رہی ہے۔ اس میں انٹرنیشنل کھلاڑی،فرسٹ کلاس اور انڈر 19کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع ملے گا۔