پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت پی ٹی آئی کے خلاف جعلی مقدمات بنا رہی ہے۔
پشاور سے جاری بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی مقدمات پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف سیاسی مقدمے درج کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقدمات کا مقصد پنجاب کے جلسوں میں علی امین کی شرکت روکنا ہے، علی امین گنڈاپور سیاسی مقدمات کی پرواہ کیے بغیر جلسوں میں بھرپور شرکت کریں گے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ مریم نواز پنجاب پولیس کا قبلہ درست کریں، وہ کچے کے ڈاکوؤں پر توجہ دیں، وہاں پولیس کی ضرورت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلیے جدوجہد جاری رکھیں گے، جعلی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔