حریم شاہ نے برطانوی سیاست میں قدم رکھ دیا،کس جماعت کا پلیٹ فارم استعمال کیا؟


لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستانی ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے برطانیہ کی سیاسی جماعت لبرل ڈیموکریٹس کے ذریعے برطانوی سیاست میں قدم رکھ دیا ہے۔
رواں برس مارچ میں حریم شاہ نے بتایا تھا کہ وہ سیاست میں آگئی ہیں اور مستقبل میں برطانوی پارلیمنٹ کی رکن بننے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
اب جیو نیوز کے نمائندے سے گفتگو کے دوران حریم شاہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے باضابطہ انداز میں برطانیہ کی سیاست میں قدم رکھ دیا ہے اور حال ہی میں ہوئے الیکشن میں لبرل ڈیموکریٹس کیلئے مہم بھی چلائی ہے۔
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ میں نے برطانیہ میں لبرل ڈیموکریٹس کیلئے کام کا آغاز کیا ہے، اس کیلئے میں لبرل ڈیموکریٹس کی مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اس قابل سمجھا اور اپنی پارٹی کا حصہ بنایا، میری کوشش ہوگی کہ میں لبرل ڈیموکریٹس کی توقعات پر پورا اتروں اور اس ملک میں رہتے ہوئے اپنا بہتر کردار ادا کر سکوں۔
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ درحقیقت میں پاکستانی ہوں اور پاکستانی ہونے کی حیثیت کے ساتھ برطانوی پارلیمنٹ میں بیٹھ کر ان کی سیاسی جماعت کیلئے کچھ کرنا میرے لئے ایک بڑی کامیابی ہے، اس پارٹی میں میرے کچھ دیگر دوست بھی کام کر رہے ہیں اس کے علاوہ اس پارٹی کیلئے بہت سے پاکستانی بھی کام کر رہے ہیں۔
ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ مجھے تعلیم کے حوالے سے برطانیہ اچھا لگا جس کے بعد مجھے یہاں میرٹ کی بنیاد پر ایڈمشن بھی مل گیا اور اب میں یہاں ایل ایل بی میں اپنی پڑھائی جاری رکھے ہوئے ہوں۔
حریم شاہ نے بتایا کہ میں پاکستان سے ماسٹرز کرچکی ہوں اور حافظ قرآن بھی ہوں، اب میں برطانیہ سے ایل ایل بی کر رہی ہوں اور اس کیلئے میری تمام فیسز برطانوی حکومت ادا کرتی ہے، اس کے ساتھ رہائش، جم کے اخراجات حتیٰ کہ کالج کیلئے ٹرانسپورٹ کا خرچہ بھی برطانوی حکومت ادا کرتی ہے۔

اس پر پڑھیں تفریحی خبریں Header Banner