لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز مظفر گڑھ ڈی سی آفس میں سکول کی چھت گرنے کی خبر ملنے پر پریشان ہوگئیں۔ وزیر اعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کیا اورسی ای او ایجوکیشن کو میٹنگ سے جائے حادثہ پر پہنچنے کا حکم دیا۔ وسندے والی میں نجی سکول کی چھت گرنے سے 35 بچوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرسے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلیٰ نے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور گرفتاری کاحکم بھی دیا اور سکول کی چھت کی زد میں آنے والے بچوں کے لیے فوراً ریسکیو آپریشن کی ہدایت کی اور کہا کہ بچوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ پبلک و پرائیوٹ سکول میں سیفٹی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔