آئی سی سی اکتوبر کے آخر تک چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا حتمی اعلان کرسکتا ہے: ذرائع
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 ستمبر 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لاجسٹک معاملات کو فائنل کرنے کیلئے شیڈول کی حتمی منظوری کا منتظر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی حکام سے حالیہ ملاقات میں شیڈول جلد سائن کرنے کا کہا ہے، لاجسٹک معاملات کی کنفرمیشن کیلئے پی سی بی شیڈول جلد از جلد فائنل کرنا چاہتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے مجوزہ شیڈول کے مطابق عبوری بکنگ کرا رکھی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اکتوبر کے آخر تک چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا حتمی اعلان کرسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگلے ماہ ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بی سی سی آئی کے سیکرٹری اور آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ کی ملاقات بھی ہوسکتی ہے۔
(جاری ہے)
چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے مجوزہ شیڈول سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان شامل ہیں۔ بی سی سی آئی پاکستان میں ہونے والے میچوں میں شرکت کی تصدیق کرنے سے پہلے بھارتی حکومت کی مشاورت کا انتظار کر رہا ہے۔ شیڈول کے مطابق 19 فروری سے 9 مارچ تک ریزرو ڈے کے ساتھ 10 مارچ کو ٹورنامنٹ کے میچ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ لاہور فائنل سمیت سات میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم افتتاحی میچ اور ایک سیمی فائنل کل تین میچوں کی میزبانی کرے گا۔ راولپنڈی دوسرے سیمی فائنل سمیت پانچ میچوں کی میزبانی کرے گا۔ سیمی فائنلز بالترتیب 5 اور 6 مارچ کو کراچی اور راولپنڈی میں شیڈول ہیں جبکہ فائنل سیٹ 9 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔