لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27ستمبر 2024 ) پنجاب حکومت نے 7 شہروں میں پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے دوران صوبے بھر میں دفعہ 144 لگا دی،پنجاب کے 7 شہروں میں28اور 29 ستمبرکودفعہ 144 لاگو ہوگی جن میںلاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان شامل ہیں،حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔حکومت پنجاب نے دفعہ 144پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے باعث لگائی۔پابندی کا اطلاق امتحانی مراکزکے گردصبح 8 سے شام ساڑھے4 بجےتک ہوگا۔ امیدواراورعملے کے علاوہ کوئی شخص امتحانی مراکز میں داخل نہیں ہوسکے گا۔امتحانی مراکزسے سو گز کے فاصلے تک نقل و حرکت پر پابندی عائد ہوگی۔پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مختلف امتحانات کیلئے 7 شہروں میں 25 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں۔
(جاری ہے)
واضح رہے کہ چند روز قبل پنجاب حکومت نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ کیلئے دفعہ 144 لگا دی، صوبائی حکومت کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کے 12 شہروں میں اتوار 22 ستمبر کو داخلہ ٹیسٹ کیلئے دفعہ 144 لاگو کی گئی تھی۔ لاہور، گوجرانولہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات، رحیم یار خان شامل امیدواروں اور سپروائزری عملے کے علاوہ کوئی شخص امتحانی مراکز میں داخل نہیں ہو سکے گا۔نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ تمام شہروں میں امتحانی مراکز سے 100 گز کے فاصلے تک غیر متعلقہ افراد کی نقل و حرکت پر پابندی عائد امتحانی مراکز اور اردگرد ہر قسم کا ہتھیار، موبائل فون، ڈیجیٹل ڈائری، کتابیں اور گائیڈز لے جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق امتحانی مراکز اور ارد گِرد کسی قسم کے احتجاج یا مظاہرے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کسی شخص کو امتحانی عمل میں رکاوٹ بننے یا غیر منصفانہ ذرائع کے استعمال کی اجازت نہ ہوگی۔